پاکستانتازہ ترین

اعتزازاحسن پی پی اور مولانا فضل دیگر اپوزیشن جماعتوں کے صدارتی امیدوار نامزد

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سوا تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کو امیدوار بنانے کی مخالفت کی جب کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن اتحاد کی جانب سے مشترکہ صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کچھ دیر بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے  کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کاغذات نامزدگی جمع کرانے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے، ان کے ہمراہ شیری رحمان، قمر زمان کائرہ اور خورشید شاہ سیمت دیگر رہنما بھی تھے۔

یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد میں مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کے معاملے پر پھوٹ پڑ گئی اور اس سلسلے میں کل جماعتی کانفرنس بھی بے سود رہی، پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کو ہی صدارتی امیدوار نامزد کیے جانے پر ڈٹ گئی ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اعتزاز احسن کے نام پر تحفظات سامنے آئے ہیں۔

دوسری جانب صدر کے عہدے کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے نامزد ڈاکٹر عارف علوی سندھ ہائیکورٹ میں اپنے کاغذات جمع کرائیں گے۔

واضح رہے کہ صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے اور 4 ستمبر کو نئے صدر کے لیے پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ ہوگی۔

مزید دیکھائیں
Close