اہم خبریںپاکستان

ملک میں اسلامی نظام لا کر ہی دم لیں گے ،امریکہ اور مغربی دنیا امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں:مولانا فضل الرحمن

جمعیت علمائے اسلام اور متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وہ ملک میں اسلامی نظام لا کر ہی دم لیں گے ،مغربی تہذیب کی یلغار نے ہم سے ہماری آزادی چھین لی ہے جس کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دی ہیں، انگریز کی غلامی سے نجات ہی صرف آزادی نہیں بلکہ عالمی اداروں کے ذریعے ہماری آزادی کو سلب کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔

مینار پاکستان میں ایم ایم اے کے زیر اہتمام بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازشیں، امریکہ اور مغربی دنیا کر رہے ہیں جو انسان حقوق کا نام بھی لیتے ہیں اور خود ہی اس کی پامالی کرتے ہیں،مخلوط نظام تعلیم اسلامی معاشرے کے لیے ناقابل قبول تصور ہے، ہم خواتین کے لیے الگ تعلیمی ادارے اور کھیل کے میدان بنائیں گے۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ جو کہتے ہیں کہ سود کے بغیر معیشت نہیں چلتی، شراب کے بغیر ہماری محفلیں آباد نہیں ہوتیں، اسلامی قوانین دقیانوسی ہیں، فحاشی و عریانی کے بغیر ہمارا گزارا نہیں، اس طرح کی سوچ والوں کو آج کل روشن خیال کہا جاتا ہے ہماری جنگ اس لادین روشن خیالی کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سکون و اطمینان کے لیے ہمیں معاشی خوشحالی لانی ہوگی، لیکن آئی ایم ایف کے قوانین اور سودی نظام کی وجہ سے معاشی خوشحالی کا خون ہوجاتا ہے۔

مزید دیکھائیں
Close