کرکٹکھیل

آئرلینڈ سے پہلا ٹیسٹ: امام اور فہیم اشرف ڈیبیو کریں گے

ڈبلن: آئرلینڈ کی ٹیم کل پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹیسٹ کھیلنے والی دنیا کی 11ویں ٹیم بن جائے گی اور پاکستان نے اس ٹیسٹ میچ کے لیے نوجوان امام الحق اور فہیم اشرف کو ڈیبیو کرانے کا اعلان کیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے گزشتہ سال آئرلینڈ اور افغانستان کو ٹیسٹ اسٹیٹس دینے کا اعلان کیا تھا اور کل ڈبلن میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے ذریعے آئرلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ میچ کھیلنے والی 11ویں ٹیم بن جائے گی۔

پاکستان نے میچ کے لیے اپنی فائنل الیون کا ایک دن قبل ہی اعلان کرتے ہوئے امام الحق اور فہیم اشرف کو ٹیسٹ کیپ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جمعرات کو ملاہائیڈ گراؤنڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئرلینڈ میں کھیلے جانے والے اس پہلے ٹیسٹ میچ کا حصہ بننے کو میں اپنے اور اپنی ٹیم کے لیے اعزاز سمجھتا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا آئرلینڈ کا بڑا کارنامہ ہے اور میں پاکستان کی طرف سے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ہم اسی ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے جس نے نارتھیمپٹن شائر کے خلاف وارم اپ میچ میں 9وکٹ سے فتح حاصل کی تھی اور اس لحاظ سے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق اور آل راؤنڈر فہیم اشرف ڈیبیو کریں گے۔

یاد رہے کہ دو سال قبل دورہ انگلینڈ کے دوران سمیع اسلم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن اب سمیع کی جگہ امام کو ڈیبیو کرانے کا فیصلہ کیا ہے جن کے ٹیسٹ اسکواڈ میں انتخاب پر انضمام پر اقربا پروری کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

سرفراز احمد نے امام الحق کی موجودہ فارم کو ڈیبیو کی وجہ قرار دیا جہاں کینٹ کے خلاف وارم اپ میچ میں سمیع اسلم صرف 13رنز بنا سکے تھے جبکہ وہ دوسرا وارم اپ میچ نہیں کھیلے تھے لیکن امام نے کینٹ کے خلاف 61 رنز بنانے کے بعد ناتھیمپٹن شائر کے خلاف بھی ناقابل شکست 59رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم نے اپنا پہلا میچ کینٹ کے خلاف کھیلا اور امام اور سمیع دونوں نے ایک ساتھ بیٹنگ کی جس سے ہمیں اندازہ ہو گیا کہ کون بہتر کھیل رہا تھا، آج کل امام بہتر کھیل رہے ہیں، انہوں نے پریکٹس میچوں میں دو نصف سنچریاں اسکور کیں اسی وجہ سے ہم امام الحق کو کھلائیں گے۔

پاکستان کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں انجری کا شکار یاسر شاہ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی لیکن سرفراز نے امید ظاہر کی کہ 19سالہ شاداب خان اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے اور پریکٹس میچ کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے جہاں انہوں نے 10وکٹیں حاصل کی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یاسر شاہ کی کمی محسوس ہو گی لیکن اچھی چیز یہ ہے کہ شاداب خان نے گزشتہ ٹور میچ میں اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا، انہوں نے نارتھیمپٹن کے خلاف 10وکٹیں لی تھیں لہٰذا ہمیں امید ہے کہ وہ ٹیسٹ میچوں بھی عمدہ باؤلنگ کریں گے۔

سرفراز نے مزید کہا کہ آئرلینڈ میں گزشتہ دو دن بہت ٹھنڈ تھی لیکن آج موسم بہتر تھا جہاں سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا تھا جبکہ ہمیں گزشتہ پریکٹس میچ میں بھرپور بیٹنگ اور باؤلنگ کا موقع ملا اس لیے ہم ٹیسٹ میچ کے لیے بالکل تیار ہیں۔

واضح رہے کہ ڈبلن میں مستقل ابر آلود موسم ہے اور بارش کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ٹیسٹ میچ کے بھی بارش سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

میچ کے لیے قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔

سرفراز احمد(کپتان)، اظہر علی، امام الحق، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، محمد عباس اور راحت علی۔

مزید دیکھائیں
Close