پاکستان

‘انتخابات میں ایک منٹ کی بھی تاخیر برداشت نہیں کی جائےگی‘

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کےتاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے خبردار کیا ہے کہ ان کی پارٹی انتخابات میں معمولی سی تاخیر بھی برداشت نہیں کرے گی۔

ماڈل ٹاؤن میں پارٹی ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر کی باتیں گردش کررہی ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان سمیت دیگر سیاستدان بھی انتخابات کے انعقاد میں ایک سے ڈیرھ ماہ کی تاخیر کی باتیں کررہے ہیں لیکن واضح کردوں کہ ہم انتخابات میں ایک منٹ کی تاخیر برداشت نہیں کرگے۔

مسلم لیگ کے قائد نے کہا کہ ان کا مقابلہ عمران خان یا پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے نہیں بلکہ ‘کسی اور سے’ ہے، ایک وقت تھا جب ہمارا مقابلہ روایتی سیاسی حریفوں سے ہوتا تھا، ہم ایسے سیاسی محاذ میں داخل ہو چکے ہیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہیں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے جلسوں میں عوام کی بھرپور شمولیت سے بہت متاثر ہوں، ‘کیا عمران خان خیبر پختونخوا میں کچھ کر سکے ہیں؟۔

سینیٹ اںتخابات پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘نومنختب سینیٹ چیئرمین کا کوئی وجود نہیں، ان کو کس نے منتخب کیا، کون سے طاقتیں پس پردہ تھیں؟

نواز شریف نے کہا کہ ‘جب عمران خان نے ڈپٹی سینیٹ چیئرمین کے لیے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار کی حمایت کی تو ان کا ضمیر کہاں تھا؟

سابق وزیراعظم نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ ان ‘ذرائع’ کا انکشاف کریں جنہوں نے سابق وزیرخزانہ خواجہ آصف کو نااہل قرار دینے کی‘پیش گوئی’ کی تھی۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ ‘عمران خان نے وال سٹی لاہور کا دورہ لوگوں کی عدم موجودگی کی بنیاد پر منسوخ کیا اور میڈیا کو بتایا کہ وہ اہم وکٹ بچانے کے لیے سلسلے میں اسلام آباد جارہے ہیں اور اس کے کچھ دنوں بعد خواجہ آصف کو نااہل قرار دیدیا گیا، عمران خان کو یہ سب کس نے بتایا؟’

انہوں نے پیش گوئی کی کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات میں کامیابی کے بعد خیبر پختونخوا میں حکومت تشکیل دے گی تاہم ‘مسلم لیگ (ن) کا کسی پارٹی سے مقابلہ نہیں،و ہ 2018 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی’۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سیاستدانوں کو پھانسی دے دی گئی اور بعض کو جلاوطنی پر مجبور کیا گیا، اگر عوام کے ووٹ کا تقدس بحال ہوتا تو پاکستان کئی مسائل سے بچ سکتا تھا۔

مزید دیکھائیں
Close