شوبز

مجھے مردوں نے نہیں خواتین نے ہراساں کیا، رابی پیرزادہ

پاکستان کی پاپ گلوکارہ، ماڈل و اداکارہ رابی پیرزادہ نے خواتین کو ہراساں کرنے کی مہم ’می ٹو‘ کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ شوبز میں انہیں آج تک کسی مرد نے ہراساں نہیں کیا، تاہم خواتین نے انہیں کئی مرتبہ ہراساں کرنے کی کوشش کی ہے۔

حال ہی میں ایک ایونٹ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے کہا کہ جب انہوں نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں قدم رکھا تو وہ یہ بات نہیں جانتی تھیں کہ یہاں خواتین بھی انہیں ہراساں کرسکتی ہیں۔

گلوکارہ نے کہا کہ ’مجھے شوبز میں آج تک کسی مرد نے ہراساں نہیں کیا، البتہ خواتین نے مجھے ہراساں کرنے کی بہت کوشش کی، پہلے میں سمجھتی تھی کہ یہ ان کا پیار ہے، لیکن بعد میں اندازہ ہوا کہ وہ ہراساں کررہی ہیں‘۔

رابی پیرزادہ نے اپنے بیان کی ویڈیو انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر بھی کی۔

انہوں نے شوبز کی خواتین کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی خواتین ’می ٹو‘ مہم کا غلط استعمال کررہی ہیں۔

خیال رہے کہ گلوکارہ میشا شفیع نے رواں ماہ کے آغاز میں گلوکار و اداکار علی ظفر پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

اس معاملے میں رابی پیرزادہ نے کہا کہ یہ سب پبلسٹی کے لیے کیا گیا ہے، کوئی خاتون شوبز میں اتنی آسانی سے ہراساں نہیں ہوسکتی۔

مزید پڑھیں: مجھے کسی نے ہراساں نہیں کیا، رابی پیرزادہ

رابی نے ایک اور ویڈیو پیغام میں بتایا کہ شوبز کی خواتین ان سے ناراض ہیں کہ وہ علی ظفر اور میشا شفیع کے معاملے میں میشا کی حمایت نہیں کررہی۔

اس حوالے سے گلوکارہ نے کہا کہ ’لوگ سمجھ رہے ہیں کہ میں علی ظفر کی دوست ہوں اس لیے میں ان کا ساتھ دے رہی ہوں ایسا نہیں ہے، میں اور علی چند ماہ امریکا میں ایک ساتھ تھے جہاں مداح علی ظفر کے آگے پیچھے گھوم رہی تھیں، ان کا ہراساں کرنا آسان تھا کیوں کہ ان کے پاس شوبز کی پاور نہیں، لیکن علی ظفر نے ان کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا‘۔

رابی نے مزید کہا کہ ’مجھے یا میشا شفیع جیسی شوبز کی خواتین کو ہراساں کرنا ناممکن ہے، می ٹو مہم ان لڑکیوں کے لیے ہے جو اپنے حق میں آواز نہیں اٹھا سکتی، تاہم ہماری انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی خواتین اس کا غلط استعمال کررہی ہیں‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی رابی پیرزادہ نے ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹس کے ذریعے بتایا تھا کہ انہیں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری یا خاندان میں کسی نے کبھی ہراساں نہیں کیا۔

انہوں نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں علی ظفر اور میشا شفیع کی ایک ساتھ کھینچی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’انہیں پتہ نہیں کون غلط ہے اور کون صحیح، تاہم وہ ماضی میں ایک ساتھ ٹھیک چل رہے تھے‘

ساتھ ہی انہوں نے لکھا تھا کہ ان دونوں کو سستی شہرت کے لیے میڈیا کا استعمال کرنا چھوڑ دینا چاہیے۔

مزید دیکھائیں
Close