شوبز

پریانکا چوپڑا خلاباز بنیں گی؟

بولی وڈ کی سپر اسٹار پریانکا چوپڑا جو ان دنوں اپنے آنے والے امریکی ایکشن تھرلر ڈرامے ’کوانٹیکو تھری‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، ان سے متعلق تازہ خبر یہ ہے کہ وہ جلد ہی ایک بائیوگرافی فلم میں نظر آئیں گی۔

اگرچہ گزشتہ 2 سال سے پریانکا چوپڑا کی کوئی بولی وڈ فلم ریلیز نہیں ہوئی، تاہم اب وہ طویل عرصے بعد جلد ہی آنے والی بولی وڈ فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہوجائیں گی۔

’بھارت‘ میں پریانکا چوپڑا بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کے ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گی۔

لیکن ان سے متعلق تازہ خبر یہ ہے کہ وہ جلد ہی ایک اور بولی وڈ بائیوگرافی فلم میں نظر آئیں گی، جس میں وہ خلاباز بنیں گی۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق اطلاعات ہیں کہ پریانکا چوپڑا فلم ساز پریا مشرا کے اشتراک کے ساتھ بننے والی بائیوگرافی فلم میں امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’ناسا‘ میں کام کرنے والی پہلی بھارتی خاتون کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

خبر کے مطابق پریانکا چوپڑا آنے والی فلم میں بھارتی خلاباز کلپنا چاولہ کے روپ میں نظر آئیں گی، جو 40 سال کی عمر میں 2003 میں امریکی ریاست ٹیکساس میں چل بسی تھیں۔

کلپنا چاولہ 31 دن سے زیادہ وقت خلائی اسٹیشن میں رہی تھیں—فائل فوٹو: ایشیا 91
کلپنا چاولہ 31 دن سے زیادہ وقت خلائی اسٹیشن میں رہی تھیں—فائل فوٹو: ایشیا 91

خیال رہے کہ کلپنا چاولہ وہ پہلی بھارتی خاتون تھیں، جو عالمی خلائی اسٹیشن میں تجربات کے لیے گئی تھیں۔

کلپنا چاولہ ناسا کے تحت عالمی خلائی اسٹیشن گئی تھیں، جہاں وہ 31 دن سے زائد وقت گزار کر آئی تھیں۔

انہوں نے امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد امریکی شخص جین پیری ہیریسن سے شادی کرلی تھی، جو اب ان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق فلم کی ٹیم نے مبینہ طور پر کلپنا چاولہ کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے اگرچہ ان کے والد سے معاہدہ کرلیا ہے، تاہم ان کے شوہر چاہتے ہیں کہ ان کی بیوی کی زندگی پر فلم نہ بنے۔

فلم کی ٹیم کلپنا چاولہ کے امریکی شوہر کو فلم بنانے اور اس کے حقوق دینے کے لیے راضی کرنے میں مصروف ہے، تاہم اس حوالے سے کافی وقت گزر جانے کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر کلپنا چاولہ کے شوہر نے ان کی زندگی پر فلم بنانے کی اجازت نہ دی تو بھی فلم کی ٹیم فلم بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

فلم میں کلپنا چاولہ کا کردار پریانکا چوپڑا کرتی نظر آئیں گی، جب کہ فلم کو ان کی ہوم پروڈکشن پروڈیوس بھی کرے گی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کی شوٹنگ کب تک شروع کی جائے گی اور اس کا نام کیا رکھا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع کی جائے گی۔

مزید دیکھائیں
Close