پنچاپ

ثنا چیمہ کی موت طبعی تھی یا قتل، بدھ کو قبر کشائی کی جائے گی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں حال ہی میں ایک 26 سالہ پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی کی موت اور اس کے لواحقین کی جانب سے مبینہ طور پر عجلت میں تدفین کے معاملے پر مقامی پولیس قتل کا مقدمہ درج کرنے کے بعد تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ثنا چیمہ نامی لڑکی اٹلی کی شہریت رکھتی تھیں اور پاکستان میں گجرات کے علاقے منگوال کی رہائشی تھیں۔ ان کی موت رواں ماہ کی 18 تاریخ کو واقع ہوئی جس کے اگلے روز ان کے لواحقین نے مبینہ طور پر بغیر اطلاع دیے ان کو مقامی قبرستان میں دفن کر دیا تھا۔ ان کی موت کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی خبروں میں دعوٰی کیا گیا کہ ثنا چیمہ کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا کیونکہ ان کے گھر والے ان کی شادی اپنی پسند سے کرنا چاہتے تھے جبکہ وہ اٹلی میں اپنی پسند سے شادی کرنا چاہتی تھیں۔ گجرات میں تھانہ کنجاہ کی پولیس کی درخواست پر عدالت نے ثنا چیمہ کی قبر کشائی کی اجازت دے دی ہے۔ پولیس کے مطابق بدھ کی صبح 7 بجے ان کی قبر کشائی کی جائے گی جس کے بعد پورسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

مزید دیکھائیں
Close